جیویلری شاپ میں غبن کرنے والا ملازم گرفتار

مسروقہ کروڑہا روپیوں کا مال ضبط، بنجارہ ہلز پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے جیویلری شاپ میں کروڑہا روپئے کا غبن کرنے کے معمہ حل کرتے ہوئے وہاں کے ملازم کو گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے ایک کروڑ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے بتایا کہ 26 جنوری کو رائسن جیویلس کے مالک انوپ کمار نے پولیس بنجارہ ہلز سے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی دوکان میں کروڑہا روپئے مالیتی طلائی زیورات اور ہیروں کا غبن ہوا ہے اور اپنے ملازم ویویک جین پر شبہ ظاہر کیا۔ پولیس بنجارہ ہلز نے فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے 29 سالہ جی ویویک عرف ویویک جین کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کی۔ جس کے نتیجہ میں ویویک نے اعتراف جرم کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم ویویک شاطرانہ انداز میں ہر ماہ لاکھوں روپئے کا غبن کررہا تھا اور اُس نے 3 کیلو طلائی زیورات اور 20 کیرٹ کے ہیروں کا غبن کیا۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے سابق میں عابڈس، شاہ عنایت گنج اور نارائن گوڑہ میں بھی اسی قسم کی وارداتیں انجام دے چکا ہے۔