جیویلری شاپ میں سرقہ کے ایک ملزم کی ڈرامائی خودسپردگی

حیدرآباد۔27جنوری ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے مصروف ترین علاقہ پنجہ گٹہ میں گذشتہ روز پیش آئی سرقہ کی سنگین واردات میں ملوث ایک سارق کو سٹی پولیس نے آج میڈیا کے روبرو پیش کردیا جس نے ایک تلگو کی ٹی چینل کے دفتر پہنچ کر اپنے جرم کو قبول کرلیا تھا ‘تاہم دوسرا سارق ہنوز پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔کمشنر پولیس مسٹر انوراگ شرما کا کہنا ہے کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں دوسرے سارق کی تلاش میں ہیں جس کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ اس خصوص میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سٹی پولیس کمشنر مسٹر انوراگ شرما نے بتایا کہ 24 اور 25 جنوری کی شب پنجہ گٹہ کے علاقہ میں واقعہ تنشق جیویلری میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی تھی جس میں 18کیلو سونا اور ہیرے جواہرات سے جڑے 12کلو وزنی زیورات کا سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس سی سی ٹی وی کیمرو میں قید فوٹیج کی مدد سے تحقیقات میں مصروف تھی اور کیس سی سی ایس کے حوالے کردیا گیا تھا کہ اسی دوران ایک سارق 23سالہ بھومنا کرن کمار نے ٹی وی چینل کے سامنے اپنا جرم قبول کرلیا ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ مسروقہ زیورات مالیت 5.97کروڑ روپئے کے تھے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ بھومنا کرن کمار کے اقبال جرم کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کا مشاہدہ کیا اور اس نتیجہ پر پہنچی کہ جس سارق نے دوکان میں سرقہ کیا وہ بھومنا کرن کمار نہیں تھا ۔

دوکان کے اندر نقب زنی کے ذریعہ داخل ہونے والا شخص کوئی اور تھا چونکہ وہ جسمانی معذور تھا ۔ پولیس نے بھومنا سے تفتیش کے دوران اس بات کو قبول کیا کہ دوکان میں داخل ہونے والا وہ نہیں تھا بلکہ اس کا ساتھی آندن تھا ‘ تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ سرقہ کرنے سے قبل ان دونوں نے مقام کا معائنہ کیا تھا اور 24اور 25 جنوری سے قبل 22اور 23نقب زنی کا آدھا کام مکمل کرچکے تھے‘ جنہوں نے ایک دن کا وقفہ لیکر اپنے منصوبہ کو انجام دیا ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ سال 2009ء میں اس زیورات کی دوکان کی مرمت کی گئی تھی اور جہاں سے نقب زنی کی گئی اس مقام پر ایک کھڑکی موجود تھی ۔ اس دوکان کی تعمیر سال 1997ء اور 1998ء کے درمیان ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ دوکان کے اندر داخل ہونے کے بعد سارق نے پہلے لائیٹس کے سوئیچ بورڈ بند کردیئے اور اس کے بعد اس نے قفل توڑ کر زیورات کو تھیلے میں ڈال لیا۔

پولیس کشمنر مسٹر انوراگ شرما کے مطابق سارق نے اپنے ہاتھوں پر گلوز ‘ پیروں میںپالیتھین اور چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا اور اس نے بڑی چالاکی سے کام لیتے ہوئے دوکان میں مرچ پاؤر کو چھڑک دیا تاکہ پولیس اور ان کے کتوں کو سراغ دستیاب ہونے میں مشکل پیش آئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مفرور سارق آنند کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرس مسٹر انجی کمار ‘ مسٹر سندیپ شنڈلیہ ‘ جوائنٹ کمشنر ( ایس بی ) مسٹر ملاریڈی ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا کے علاوہ اے سی پی بنجارہ ہلز اشوک انسپکٹر ( کرائم) پنجہ گٹہ و دیگر موجود تھے ۔