جیویلری شاپ ملازمہ کا قاتل ہوم گارڈ گرفتار

یکطرفہ محبت میں ناکامی پر انتقام ، ملزم جیل منتقل
حیدرآباد ۔ 30 مئی (سیاست نیوز) جوبلی ہلز پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے جیولری شاپ کی ملازمہ پی وینکٹ لکشمی کے بہیمانہ قتل کیس میں ملوث ہوم گارڈ مدی کونڈا ساگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب 19 سالہ وینکٹ لکشمی جو جوبلی ہلز کے علاقہ جواہر نگر میں واقع جوڑی فیشن جیولری شاپ میں ملازمت کیا کرتی تھی، پر 28 مئی کو ہوم گارڈ ساگر نے تیزدھار ہتھیار سے اس کا گلا کاٹ دیا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ دو سال قبل وینکٹ لکشمی نے اپنے آبائی مقام ضلع محبوب نگر میں گھریلو ملازمہ کا کام کیا کرتی تھی جہاں پر اس کی ملاقات ورنگل کے متوطن مدی کونڈا ساگر جو ہوم گارڈ ہے، سے ہوئی تھی۔ ساگر وینکٹ لکشمی کو محبت کرنے پر اصرار کیا کرتا تھا اور اس سے شادی کی پیشکش بھی کی تھی۔ ہوم گارڈ کی ہراسانی سے تنگ آ کر وینکٹ لکشمی نے محبوب نگر چھوڑ کر شہر منتقل ہوئی تھی اور گذشتہ دو ماہ قبل اس نے جوڑی فیشن جیولری شاپ میں ملازمت حاصل کی تھی۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ہوم گارڈ ساگر جیولری شاپ پہنچ گیا اور لڑکی سے شادی کی دوبارہ پیشکش کی جس پر لڑکی نے اپنے والدین کو اس سلسلہ میں بتایا لیکن لڑکی کے ماں باپ نے بھی شادی سے انکار کردیا۔ ساگر 28 مئی کو دوبارہ جیولری شاپ پہنچ کر وینکٹ لکشمی سے بحث و تکرار کی۔ بعدازاں اس پر بلیڈ سے گلے پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا جس کے نتیجہ میں لڑکی برسرموقع ہلاک ہوگئی۔ قتل کے فوری بعد ہوم گارڈ وہاں سے فرار ہوگیا لیکن ٹاسک فورس کی ٹیموں نے جوبلی ہلز پولیس کی مدد سے اسے گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم ہوم گارڈ کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا۔