جیولری شاپ میں سرقہ

ظہیرآباد۔ /10ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپلٹی ظہیرآباد کے حدود میں کل رات سرقہ کی ایک سنگین واردات پیش آئی۔ جس میں 25لاکھ روپئے مالیتی سونے اور چاندی کے زیورات کا سرقہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب چند نامعلوم سارقین نے رفیع جیولرس کے عقبی حصہ میں واقع کھڑکی کو توڑ کر اندر داخل ہوئے اور لگ بھگ 25لاکھ روپئے مالیتی طلائی و نقروی زیورات سرقہ کرلیا۔ اس موقع پر مزاحمت کرنے والے واچ مین کو شدید ضربات پہنچائے ۔ ہنومان مندر رڈ پر پیش آئے سرقہ کی اس سنگین واردات کی اطلاع ملنے پر سرکل انسپکٹر ظہیرآباد ٹاؤن سائی ایشور گوڑ اور سب انسپکٹر شیو لنگم نے دیگر پولیس جوانوں کے ہمراہ جائے واردات پہنچ کر حسب ضابطہ کارروائی کی۔ دریں اثناء ڈاگ اسکواڈ اور فنگر پرنٹس ماہرین نے بھی جائے واردات کا معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر شدید زخمی واچ مین کو گاندھی ہاسپٹل سکندرآباد میں شریک کردیا گیا ہے۔

مقروض کسان کی خودکشی
ظہیرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ظہیر آباد منڈل کے موضع ہگیل میں آج ایک مقروض کسان نے خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ایکر زمین کے مالک راتھوڈ ستنوش نامی ایک کسان نے ایک ساہوکار سے 2.5لاکھ روپئے کا قرض لیا تھا اور ساہوکار کی جانب سے ادائیگی کیلئے ہراساں کئے جانے سے تنگ آکر آج اس نے اپنے کھیت میں زہر پی کر خودکشی کرلی۔