جیولری شاپ میں سرقہ کرنے والی خاتون منیجر گرفتار

حیدرآباد 14 جولائی ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے جیولیری شاپ میں سرقہ کرنے والی خاتون سیلز منیجر اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 7 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 31 سالہ ایس یوگیشوری ساکن بی ایس مقطہ سوماجی گوڑہ کا تعلق چنائی سے ہے اور وہ بی ایس پی جیولرس واقع بابو خان مال میں سیلز منیجر کی حیثیت سے ملازمت کررہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جیولیری شاپ مالک پروین کمار گوڑ نے لوکیشوری پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے دکان کے معاملات اس کے حوالے کردیئے تھے جس کا نا جائز فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگیشوری نے 29 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا تھا ۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لوگیشوری اکثر پرینکا کے بیوٹی پارلر جایا کرتی تھی اور اس کے باپ لارنس سے قرض حاصل کیا تھا ۔ قرض کی ادائیگی کیلئے بڑھتے دباؤ کے نتیجہ میں اس نے سرقہ کی واردات انجام دی ۔بتایا جاتا ہے کہ جیولری شاپ میں سرقہ کیلئے پرینکا اور اے ہرشا نامی شخص نے لوگیشوری کو اُکسایا تھا ۔ پولیس نے چار ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور ان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے جبکہ اس کیس کے ایک اور ملزم رہن سنٹر مالک گیگا رام ہنوز لاپتہ ہے۔