ڈائرکٹر جنرل محابس کی اہلیہ کے شوروم میں کام سے انکار کی سزا
حیدرآباد ۔ /28 مئی (سیاست نیوز ) ڈائرکٹر جنرل پریژنس تلنگانہ کی اہلیہ کی جانب سے چلائے جارہے ملبوسات کی بوتیک (شوروم) میں غیر مجاز کام سے انکار پر ایک جیل کے ٹیلر کو مبینہ طور پر ہراساں کیا جارہا ہے ۔ عبدالکریم ریٹائرڈ سرکاری ملازم نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کے بیٹے محمد باقر جو چرلہ پلی سنٹرل جیل کے گریڈ II ٹیلر ہے اور وہ جیل میں محروس قیدیوں کو ٹیلرنگ کی ٹریننگ دیتے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈائرکٹر جنرل جیلس کی اہلیہ جوبلی ہلز میں واقع بوتیک میں سلوائی کا کام کیلئے غیرمجاز طور پر چار مہینے ان کی خدمات حاصل کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد باقر نے بوتیک میں خانگی طور پر کام کرنے سے انکار کردیا ۔ جس کے نتیجہ میں انہیں نظام آباد ڈسٹرکٹ جیل کو تبادلہ کردیا گیا تھا لیکن ان احکامات کے خلاف باقر اے پی ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل سے رجوع ہوئے اور کورٹ نے تبادلہ کے احکام کو معطل کردیا ۔ عدالت کے احکامات کے باوجود جیل حکام باقر کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے لگے اور گزشتہ 8 ماہ سے انہیں تنخواہ فراہم کرنے سے قاصر رہے ۔ ڈائرکٹر جنرل جیلس کی اہلیہ کی نافرمانی پر ان کے فرزند کو غیرضروری ہراساں کئے جانے پر عبدالکریم نے حکومت سے انصاف طلب کیا ہے اور انہیں فوری ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جیل حکام کی مبینہ ہراسانی سے باقر کے افراد خاندان کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس سلسلے میں ربط پیدا کئے جانے پر جیل کے اعلیٰ عہدیدار موجود نہیں تھے ۔