لکھنو ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : قومی حقوق انسانی کمیشن نے ان اطلاعات پر کہ جیل کے محافظ ( گارڈ ) کے حملہ میں ایک زیر دریافت قیدی کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ چیف سکریٹری اترپردیش کو ایک نوٹس جاری کردی ہے اور کہا کہ میڈیا رپورٹ میں شائع مواد اگر سچائی پر مبنی ہے تو یہ قیدی کے حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ کمیشن نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ اندرون 2 ہفتے حقائق پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرے ۔ قومی حقوق انسانی کمیشن نے جیل میں قیدی کی موت کے بارے میں میڈیا میں شائع رپورٹ پر از خود کارروائی کرتے ہوئے یہ نوٹس جاری کی ہے ۔ جس میں بتایا گیا کہ 35 سالہ شیام کمار یادو کو جونپور کے ضلع جیل میں محروس کردیا گیا تھا اور اسے جیل کے ایک گارڈ نے اپنے خاتون ساتھی کو چھیڑ چھاڑ کرنے پر مار مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ جس کے بعد قیدیوں اور جیل کے عہدیداروں میں تصادم کے باعث 26 افراد بشمول 6 پولیس ملازمین زخمی ہوئے ۔ یہ واقعہ 4 جولائی کو پیش آیا تھا ۔ اس سلسلہ میں لائن بازار پولیس اسٹیشن میں 2 ایف آئی آر درج کئے گئے اور جوڈیشیل تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ۔