ملزمین علیحدہ بیارکس میں منتقل، سکیوریٹی پر خصوصی توجہ
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) شہر کی جیلوں میں محروس پاکستانی باشندوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے جیل حکام سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری عاشق علی جو چیرلہ پلی جیل میں قید ہے اور ایک دیگر پاکستانی شہری نذیر جسے علاقہ چندرائن گٹہ میں فرضی پاسپورٹ اور دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، وہ چنچل گوڑہ جیل میں محروس ہے۔ پلوامہ واقعہ اور سرحد پر ہند ۔ پاک کشیدگی کے پیش نظر تلنگانہ کے جیل حکام نے پاکستانی قیدیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اُنھیں علیحدہ بیارک منتقل کردیا ہے۔ جیل حکام نے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد عوام میں جاری برہمی جیل کے قیدیوں میں بھی پائی جاتی ہے اور اِن پر حملے کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی اقدام کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل راجستھان کی جئے پور سنٹرل جیل میں پاکستانی قیدی پر اُس کے ساتھی قیدیوں نے حملہ کرتے ہوئے اُسے شدید زخمی کردیا تھا جس کے نتیجہ میں وہ فوت ہوگیا تھا۔