جیسی رائیڈر ،ٹوئنٹی 20 ٹیم سے باہر

ویلنگٹن۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جیسی رائیڈر آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ ٹوئنٹی 20 کیلئے منتخب کی گئی نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ رائیڈر کو شراب نوشی کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے کچھ گھنٹے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹسٹ ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا اور ایک ہفتہ کے بعد منتخب کی گئی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی ٹیم سے بھی انہیں باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بروس ایڈگر نے توثیق کی ہے کہ رائیڈر کا ٹیم میں شامل ہونا طئے تھا لیکن ان کے رویہ کی وجہ سے انہیں ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی۔ ایڈگر نے کہا کہ ہمیں انہیں دورہ سے باہر کرنا پڑا۔ ہمارے انتخابی عمل میں چال چلن اولین ترجیح رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 بنگلہ دیش میں 16 مارچ سے 6 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ،ان میں برینڈن میک کولم (کپتان) ، کوری اینڈرسن ، ٹرینٹ بولٹ ، اینٹن ڈیوسچ ، مارٹن گپٹل ، رونیل ہیرا ، ہیمشیل میک لے نادھان ، نیتھن میک کولم ، کائل ملس ، کولن منرو ، جیمس نشام ، لیو کرونچی ، ٹم ساؤتھی ، راس ٹیلرس ، کین ولیم سن وغیرہ شامل ہیں۔