چیسٹر لی اسٹریٹ۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام)انگلش اوپنر جیسن رائے(101) کی سنچری کی مدد سے انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں 32 گیندیں باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی وہ پہلی مرتبہ روایتی حریف آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف 5-0 کی کلین سویپ کے قریب پہنچ گیا ہے ۔پانچ میچوں کی سیریز پہلے ہی گنوا چکی آسٹریلیائی ٹیم نے چوتھے میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ50 اوورز میں آرون فنچ (100) اور شان مارش (101) کی سنچریوں کی بدولت آٹھ وکٹ پر 310 رن کا اسکور بنایا لیکن انگلینڈ نے 44.4 اوورس میں چار وکٹ پر ہی314 رنز بنا کر میچ جیت لیا اور سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی۔انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف آخری نو میچوں میں یہ آٹھویں جیت بھی ہے جبکہ بال ٹیمپرنگ کے بعد بدنام ہوئی آسٹریلیائی ٹیم نے اپنے آخری 17 ونڈے میں صرف دو ہی مقابلے جیتے ہیں۔ انگلینڈ اگر آخری ونڈے بھی جیت جاتا ہے تو وہ سب سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف 5-0 کی کلین سویپ کا کارنامہ انجام دے گا۔ آخری مرتبہ2012 میں اس نے پانچ میچوں کی سیریز 4-0 سے جیتی تھی جبکہ ایک میچ منسوخ ہوہا تھا۔اس میچ میں جیت کے ساتھ انگلینڈ نے ونڈے تاریخ میں دوسری بار سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب بھی کیا ہے ۔ اس سے پہلے سال2015 میں نوٹنگھم میں اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف 350 رن بنائے تھے ۔انگلینڈ نے 311 رنز کے بڑے ہدف کے سامنے اچھی شروعات کی اور رائے اور جانی بیرسٹو (79) نے پہلے وکٹ کے لئے 174 رن کی شراکت کی۔ رائے نے 83 گیندوں میں 12 چوکے اور دو چھکے لگا کر 101 رن بنائے اور ونڈے میں اپنی چھٹی سنچری مکمل کی۔ بیرسٹو نے 66 گیندوں کی اننگز میں 10 چوکے لگائے ۔ایلیکس ہیلز نے 34 رنز اور جو روٹ نے 27 رنز بنائے جبکہ کپتان مورگن 15 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔وکٹ کیپر جوز بٹلر نے29 گیندوں میں نو چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آؤٹ54 رنزکی نصف سنچری اننگز کھیلی اور 32 گیندیں باقی رہتے ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ آسٹریلیا کے لیے ایشٹن ایگر 48 رن پر دو وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے ۔