میلبورن، 27 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اننگز کے سنچری میکر چتیشور پجارا نے جمعرات کو کہا کہ میلبورن کی پچ پر رن بنانا آسان نہیں ہے اور ہندستان کے پہلی اننگز کے 443 رنز جیت کے لیے کافی ہیں۔پجارا نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں 319 گیندوں کا سامنا کیا، 116.5 اوور تک وکٹ پر ٹکے رہے اور 106 رنز بنائے ۔ پجارا نے دوسرے دن کے کھیل کے بعد کہاکہ پچ پر رن بنانا بہت مشکل ہے ۔ اگر آپ پہلے دو دن کو دیکھیں تو رنز کی تعداد کم دکھائی دے گی۔ لیکن اس پچ پر ایک دن میں 200 رنز بھی کافی مشکل ہیں اس لئے مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اسکور بورڈ پر کافی رن شامل کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر آپ پچ کو دیکھیں تو یہ ٹوٹنا شروع ہو گئی ہے اور پچ پر ناہموار اچھال دکھائی دے رہی ہے ۔ میں نے کل اور آج بلے بازی کی اور دونوں دن میں فرق ظاہر ہے ۔ اس لئے مجھے نہیں لگتا کہ آگے بلے بازی کرنا آسان ہو گا۔ کل سے یہ پچ بلے بازی کے لیے اور مشکل ہوتی چلی جائے گی۔ ہمارے بولر بہترین بولنگ کر رہے ہیں اس لئے میرا خیال ہے کہ ہم نے کافی اسکور بنا لیا ہے ۔میچ میں دوسرے دن ہندستان نے اپنی اننگز سات وکٹ پر 443 رن پر اعلان کی۔ دن کے کھیل میں بہت سے گیندوں نے اچھال لیا اور بلے بازوں کے دستانے سے ٹکرائی جبکہ کچھ گیندیں نیچی رہ گئیں۔ پجارا فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی جس گیند پر بولڈ ہوئے وہ نیچی رہ گئی تھی اور آؤٹ ہونے کے وقت پجارا یقین نہیں کر پا رہے تھے کہ گیند بہت نیچی رہ جائے گی۔اپنی سنچری کیلئے انہوں نے کہاکہ مجھے اپنی سنچری تک پہنچنے کے لئے کافی محنت کرنی پڑی۔ میں نے چار سیشن سے زیادہ کا وقت لگایا اور سنچری مکمل کی۔ میں عام طور پر تین سے چار سیشن کے اندر اپنی سنچری مکمل کر لیتا ہوں لیکن یہاں مجھے چار سیشن سے زیادہ بیٹنگ کرنی پڑی۔ ایک بلے باز کے لیے یہ ایک مشکل پچ ہے جس پر اسکور آسان نہیں ہے ۔