نئی دہلی۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی شوٹر اور ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ جیتو رائے نے یہاں ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں چل رہے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ (رائفل۔پسٹل۔شاٹ گن) میں 10 میٹر ایئرپسٹل مقابلے میں برونز میڈل جیت لیا لیکن تجربہ کار اولمپین شوٹر گگن نارنگ نے مایوس کیا اور وہ 50 میٹر رائفل پرون مقابلے کے فائنل کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکے۔جیتو کیلئے یہ تین برسوں میں ورلڈ کپ میں ساتواں میڈل ہے۔اس مقابلے میں سابق اولمپک چیمپئن ویتنام کے شان ونی ہوآنگ نے سلور میڈل اور سابق عالمی چمپئن جاپان کے تومویوکیمتسودا نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ہندستان کی میزبانی میں پہلی مرتبہ ہو رہے ورلڈ کپ کے پانچویں دن ہندستان کو اس کا تیسرا میڈل حاصل ہوا۔ہندوستان ایک چاندی اور دو برونز میڈلس کے ساتھ ٹیموں کے جدول میں پانچویں نمبر پر ہے ۔خواتین شوٹر حنا سدھو کے ساتھ ملا ٹیم مقابلے کا گولڈ میڈل جیتنے والے جیتو نے برونز جیت کر ہندستان کو تیسرا میڈل دلایا۔فائنل میں ان کی شروعات کمزور رہی اور پہلی پانچ شاٹ کی سیریز میں وہ دو نشانوں سے نو اور 8.8 نشانات ہی حاصل کرپائے۔وہ میڈل کی دوڑ سے باہر ہونے کے قریب ہی تھے کہ انہوں نے زوردار واپسی کرتے ہوئے پانچ شاٹ 10 سے اوپر کے لگائے۔وہ 21 شاٹ کے بعد چاندی جیتنے کے قریب تھے لیکن 22 ویں شاٹ میں 8.6 نشانات نے انہیں برونز میڈل سے ہی اکتفا کرنے پر مجبور کر دیا۔