جیب کترنے کے 52مقدمات میں مطلوب شخص گرفتار

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے شہر کے ایک خطرناک جیب کترے کو گرفتار کرلیا جو 52مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تفصیلات کے بموجب 22سالہ میکاپاٹی منوہر ساکن چندرائن گٹہ جس کا تعلق ضلع گنٹور سے ہے۔ اس نے سال 2009ء میں اپنی ماں منگماں کے ہمراہ حیدرآباد و سائبرآباد کے علاقوں میں سرقہ و جیب کترنے کے واقعات میں ملوث تھا۔ حیات نگر پولیس نے سال 2012میں منگماں کو گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا تھا اور تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ منگماں اپنے بیٹے منوہر اور دیگر کی مدد سے عوامی پُرہجوم علاقوں میں عوام کی توجہ ہٹاکر طلائی زیورات، بیاگس، پرس اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیب کتروں کی ٹولی شہر کے مشہور تھیٹرس، بس اسٹاپس و دیگر مقامات پر عوام کو نشانہ بنایا کرتے تھے۔ منوہر سائبرآباد کے 49 مقدمات میں اور حیدرآباد کے 3مقدمات میں ملوث ہے۔ گرفتار جیب کترے کو مزید کارروائی کیلئے سعیدآباد پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔