جیا پرکاش ریڈی میدک سے بی جے پی امیدوار

نئی دہلی / حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : سابق کانگریس ایم ایل اے تھور پوجیا پرکاش ریڈی جنہوں نے حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی کو بی جے پی نے پارلیمانی حلقہ میدک سے ضمنی چناؤ میں اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔ ٹی پرکاش ریڈی نے صدر تلنگانہ بی جے پی کشن ریڈی اور دیگر سینئیر قائدین کے ہمراہ سنگاریڈی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کے استعفیٰ کے سبب میدک کی پارلیمانی نشست مخلوعہ ہے ۔ یہاں ضمنی انتخابات کا 13 ستمبر کو انعقاد ہوگا اور ادخال نامزدگی کا آخری دن ہے ۔ جیا پرکاش ریڈی جو جگا ریڈی کے نام سے بھی جانے پہچانے جاتے ہیں 2004 میں ٹی آر ایس ٹکٹ پر اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے اور پھر ٹی آر ایس سے مستعفی ہو کر کانگریس اور پھر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔۔