جہیز ہراسانی کا شکار نئی دلہن کی خود کشی

حیدرآباد ۔ /26 اگست (سیاست نیوز)  اپنی کم عمر لڑکی کو زائد جہیز اور پسندیدہ اشیاء دینا ایک باپ کیلئے غم اور اس چار ماہ کی دلہن کیلئے خودکشی کا سبب بن گیا ۔ جہاں لالچی شوہر اور حریص سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر 19 سالہ انیتا نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ ضلع رنگاریڈی کے پرگی حدود میں پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق انیتا پرگی علاقہ کے ساکن انیل کمار کی بیوی بتائی گئی ہے ان کی شادی 4 ماہ قبل ہوئی تھی ۔ شادی کے وقت 15 تولہ سونا ، ساڑھے 6 لاکھ روپئے نقد رقم ، موٹر سیکل اور ضروری گھریلو ساز و سامان دیا گیا تھا ۔ تاہم شادی کے چند روز بعد ہی سے اس لڑکی کو زائد جہیز کیلئے ہراساں و پریشان کیا جانے لگا جس سے تنگ آکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔