حیدرآباد /10 ستمبر ( سیاست نیوز ) زائد جہیز کے مطالبات اور ہراسانیوں سے دلبرداشتہ دو خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ حبیب نگر اور پیٹ بشیرآباد پولیس حدود میں پیش آئے ۔ حبیب نگر پولیس کے مطابق 19 سالہ یاداماں عرف تلسی جو محبوب نگر کے ساکن روی کی بیوی تھی ۔ شوہر کی ہراسانیوں سے تنگ آکر شہر میں واقع افضل ساگر اپنے مائیکے آگئی تھی ۔ تلسی کو اس کے شوہر روی اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے ڈھائی لاکھ روپئے زائد جہیز کیلئے ہراساں کیا جارہا تھا اور جسمانی ذہنی اذیت بھی دی جارہی تھی ۔ جس سے تنگ آکر خاتون مائیکے آگئی تھی ۔ تاہم شوہر کی ہراسانیاں کم نہیں ہوئی جس سے تنگ آکر اس خاتون تلسی نے کل اپنے مائیکے میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 22 سالہ سپریا راجندر نگر کے علاقہ اپرپلی کے ساکن کرشنا کی بیوی تھی ۔ سپریا کا مائیکے دولہ پلی میں واقع ہے ۔ اس خاتون کو شوہر 10 لاکھ روپئے زائد جہیز کیلئے پریشان کر رہا تھا اور اس خاتون نے تنگ آکر کل خودسوزی کرلی ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جو رات دیر گئے علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔