حیدرآباد /12 مارچ ( سیاست نیوز ) زائد جہیز کے مطالبہ اور اذیت سے تنگ آکر دو خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ دو علحدہ واقعات سائبرآباد کے پولیس حدود اپل اور کے بی ایچ بی میں پیش آئے ۔ اپل پولیس کے مطابق 32 سالہ مستان بی جو کلیان پوری کالونی اپل کے ساکن میراں ولی کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ مستان بی کو شوہر کی ہراسانی کا سامنا تھا اور اس خاتون کا شوہر زائد جہیز کے مطالبہ پر مستان بی کو اذیت دیا کرتا تھا ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 23 سالہ شالینی جو راجیو گرہا کلپا نظام پیٹ کے ساکن راجیش کی بیوی تھی اس خاتون پر ساس اور شوہر نے چوری کا الزام لگایا تھا اور زائد جہیز کیلئے ہراساں کر رہے تھے ۔ جس سے تنگ آکر خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمے درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔
بوئن پلی میں سڑک حادثہ
انجینئرنگ طالب علم ہلاک
حیدرآباد /12 مارچ ( سیاست نیوز ) بوئن پلی کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران ایک بی ٹیک طالب علم آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 25 سالہ کشور جو گنگا راؤ کا بیٹا تھا ۔ میاں پور میں رہتا تھا ۔ کشور بی ٹیک کا طالب علم بتایا گیا ہے ۔ کل وہ امتحان کی فیس ادا کرنے کے بعد سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ آر ٹی سی بس کی زد میں آکر کل رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔