جہیز ہراسانی کا شکار خواتین کی خودکشی

حیدرآباد /27 جون ( سیاست نیوز ) زائد جہیز کے مطالبہ اور ہراسانی سے تنگ آکر دو خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ دو علحدہ واقعات سائبرآباد کے حدود کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ اور ملکاجگیری پولیس حدود میں پیش آئے ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 19 سالہ ہیما جو کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ علاقہ کے ساکن سائی کرن کی بیوی تھی ۔ اس خاتون کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی اور گھریلو تنازعات و ہراسانی سے یہ خاتون پریشان تھی جس نے انتہائی اقدام کرلیا اور کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ملکاجگیری پولیس کے مطابق 21 سالہ جے چندرا سجاتا جو ملکاجگیری علاقہ کے ساکن راجو کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی 2 سال قبل ہوئی تھی اور شادی کے بعد سے اس خاتون کو شدید پریشانیوں کا سامنا تھا اور اس خاتون کو شادی کے وقت 4 لاکھ نقد رقم ضروری ساز و سامان و دیگر اشیاء بھی دی گئی تھی تاہم مزید زائد جہیز کیلئے اس خاتون کو ہراسان و پریشان کیا جارہا تھا جس سے تنگ آکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا اور کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔