بھینسہ۔/22اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈیویژن کنٹالہ منڈل کے موضع اولا میں ایک نوجوان خاتون نے شوہر اور ساس کی جانب سے جہیز کے لئے ہراساں کئے جانے سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگاکر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے بموجب کمبولی سروجنا عمر 25سال نرمل منڈل کے موضع ون کی شادی 2013ء میں کنٹالہ منڈل کے موضع اولا کے بی سرینواس سے ہوئی تھی۔ اس شادی کے وقت متوفی خاتون کے والدین کی جانب سے 7 لاکھ روپئے رقم کے علاوہ دیگر مزید ساز و سامان بطور جہیز دیا گیا تھا اور مزید ایک لاکھ کی رقم دینی باقی تھی۔ جس پر متوفی خاتون کے شوہر بی سرینواس اور ساس مکنا بائی اس رقم کیلئے بار بار ہراساں کرتے ہوئے خاتون پر ظلم کررہے تھے جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس خاتون نے اپنے شوہر کے مکان میں ہی جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگاتے ہوئے خودکشی کرلی اور برسر موقع ہلاک ہوگئی۔ جس کی طلاع پاکر بھینسہ ڈی ایس پی اے راملو اور بھینسہ سرکل انسپکٹر مقام واقعہ پہنچ کر نعش کا پنچنامہ کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم بھینسہ سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد متوفی خاتون کی ساس اور شوہر نے راہ فرار اختیار کرلی اور اس جوڑے کو چھ ماہ کا لڑکا بھی ہے۔ اس ضمن میں بھینسہ ڈی ایس پی نے ایک کیس درج کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔
نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے
ایک شخص فوت
ویملواڑہ۔22اپریل ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ویملواڑہ سرکل علاقہ کے بوئن پلی منڈل وینکٹ راؤ پلی دیہات کی سڑک پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص فوت ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب ویملواڑہ کے ٹی پرشانتی 31سال اپنے ماں باپ کے ساتھ موٹر سیکل پررات کے وقت آرہے تھے ۔ وینکٹ راو پلی سڑک پر سامنے سے نامعلوم گاڑی نے ٹکر دے دی جس کی وجہ وہ مقام واردات پر ہی ہلاک ہوگئے۔ موٹر سیکل پر پیچھے بیٹھنے والی اس کی خالہ زخمی ہونے پر کریم نگر کے اسپتال کو روانہ کیاگیا۔ اس کے پیچھے آنے والے اس کے ماں باپ کی آنکھوں کے سامنے ہی یہ حادثہ پیش آنے پر گر کر بے قابو ہوگئے اس حادثہ پر بوئن پلی کی پولیس نے ایک کیس درج کرکے اس نامعلوم گاڑی کی تحقیقات شروع کی۔ متوفی پرشانت ویملواڑہ کے مندر میں کنٹراکٹ بینک میں کام کررہا تھا۔ اس کے فوت ہونے کی اطلاع ملتے ہی دیگر ملازمین اور اس کے ساتھیوں نے مقام واردات پر پہنچ کر غم کا اور افسوس کا اظہار کیا۔