جہیز ہراسانی سے دلبرداشتہ خاتون کی خودکشی

یلاریڈی۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جہیز ہراسانی سے دلبرداشتہ ، منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے پوچارم علاقہ میں ایک خاتون نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق موضع سے تعلق رکھنے والا ستیہ بوئنا ایسلو چھ سال قبل میدک ضلع کے برگ پلی سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ رینوکا کے ساتھ دوسری شادی کی تھی۔ رینوکا کے افراد خاندان نے شادی کے موقع پر معقول جہیز بھی دیا تھا اور ان دونوں کو ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہیں۔ آٹو ڈرائیور کی حیثیت سے کام کررہا شوہر ایسلو نیا آٹو خریدنے جہیز کے تحت مزید 50 ہزار روپئے لانے رینوکا کو کچھ دنوں سے ہراساں کررہا تھا۔ اس کے ساتھ ساس مانیماں بھی بہو کو ہراساں کرتی تھی۔ اس تعلق سے چہارشنبہ کو ساس ۔ بہو میں جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہوکر بہو نے گھر میں جاکر اپنی ساڑی سے ہی پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اطلاع پاکر شوہر نے پڑوس کے لوگوں کی مدد سے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا، لیکن تب تک رینوکا کی موت واقعہ ہوچکی تھی۔ موت کی اطلاع ملتے ہی میدک سے اس کے افرادِ خاندان پوچارم پہونچ گئے۔

خاطیوں کو سزا دینے تک نعش کو ہاتھ نہ لگانے پر رینوکا کے گھر والے پولیس کے ساتھ بحث و تکرار کرنے لگے اور ایسلو کے گھر والوں پر حملہ پر اُتر آئے جس پر موضع میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ مقامی ایس آئی وجئے کمار پروبیشنری ایس سندیپ ریڈی نے موضع پہنچ کر خودکشی کی وجوہات کی چھان بین کی اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط پیدا کیا۔ حالات کو قابو میں کرنے کیلئے لنگم پیٹ ایس آئی راکیش، پروبیشنری ایس آئی سریکانت ریڈی، پولیس عملہ کے ساتھ پوچارم پہونچے۔ متوفی کی ماں نے شکایت کی کہ رینوکا کو شوہر اور ساس جہیز کیلئے آئے دن ہراساں کررہے تھے۔ متوفی کی ماں نرسووا کی شکایت پر پولیس نے ایسلو، ساس مانیماں کو گرفتار کرلیا۔ اس موقع پر آرمور ڈی ایس پی مسٹر رام ریڈی، کاماریڈی سرکل انسپکٹر مسٹر سبھاش چندر بوس نے پوچارم پہونچ کر مقام واردات کا معائنہ کیا۔