جہیز ہراسانی سے خودکشی، سسرالی رشتہ داروں کے خلاف احتجاج

ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن پر دھرنا، خاطیوں پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔26 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) ونستھلی پورم کے علاقہ میں ایک خاتون شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ انیتا نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ تاہم انیتا کے والدین اور رشتہ داروں نے انیتا کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا اور پولیس اسٹیشن کے قریب دھرنا منظم کیا ۔ انیتا کے والدین نے جو اپنی لڑکی کی موت پر برہم تھے، اسے خودکشی نہیں بلکہ قتل قرار دیا اور داماد اور اس کے والدین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق انیتا منصور آباد علاقہ کے ساکن وینکٹیش کی بیوی تھی جو ججس کالونی میں رہتے تھے ان کی شادی دو سال قبل ہوئی تھی اور ان کی ایک 10 ماہ کی شیرخوار لڑکی ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے انیتا کو شوہر اور سسرالی رشتہ کے ارکان مبینہ طور پر پریشان کر رہے تھے اور اسے ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار بنایا جارہا تھا جس سے تنگ آکر خاتون نے کل رات مبینہ طور پر پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

اقدام خودکشی کرنے والی لڑکی کی موت
حیدرآباد ۔26 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) محبت میں ناکامی سے دلبرداشتہ اقدام خودکشی کرنے والی لڑکی آج علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ بتایا جاتاہے کہ 19 سالہ سپرجا جو کلیان علاقہ کے ساکن ایلیا کی بیٹی تھی ، ایک لڑکے سے محبت کرتی تھی جس نے اسے دھوکہ دیا تھا ۔ پولیس کے مطابق سپرجا نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں دوران علاج اس لڑکی کی موت ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔