حیدرآباد ۔ /25 جون ( سیاست نیوز) سسرالی رشتہ داروں اور دھمکی پر خوف کا شکار ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ راجندر نگر پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 26 سالہ سری لتا نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سری لتا کا شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر الزام ہے کہ انہوں نے جہیز کیلئے سری لتا کو مائیکے پر چھوڑ دیا تھا اور گزشتہ روز اس کے مائیکے آئے تھے اور دھمکی دی تھی کہ اگر گھر آنا ہو تو زائد جہیز لیکر آنا ورنہ یہیں مرجاؤ ۔ اس بات سے پریشان سری لتا ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی اور سسرالی رشتہ داروں کی واپسی کے بعد رات دیر گئے اس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری لتا کی شادی عطاپور علاقہ کے ساکن راج کمار سے ہوئی تھی ۔ ان کی شادی /29 مئی 2013 ء میں ہوئی تھی ۔ تاہم زائد جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر سری لتا کو اس کے شوہر نے /12 فبروری 2014 ء کو اس کے مائیکے چھوڑدیا تھا اور گزشتہ روز /22 جون کے دن شوہر اور سسرالی رشتہ دار سری لتا سے ملاقات کی اور اسے دھمکی دے کر گئے تھے جس سے دلبرداشتہ خاتون نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
لیپ ٹاپ اور موبائیل فون سارق گرفتار
حیدرآباد ۔ /25 جون ( سیاست نیوز) گاندھی نگر پولیس نے لیپ ٹاپ اور موبائیل فون کے سرقوں میں ملوث ایک سارق کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ رحیم احمد عرف رؤف ساکن منڈی میرعالم پیشہ سے موبائیل فون ٹیکنیشین ہے اور وہ عابڈس جگدیش مارکٹ میں موبائیل فون مرمت کا کام کرتا ہے ۔ تفتیش کے دوران رؤف نے پولیس کو بتایا کہ وہ موبائیل فون کے آئی ایم ای آئی نمبر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انہیں تبدیل کیا کرتا تھا اور اس کے لئے وہ چین کا ’’ڈرائیگن سافٹ ویئر‘‘ استعمال کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رؤف نے کئی موبائیل فون کے آئی ایم ای آئی نمبرات سے چھیڑ چھاڑ کی ۔ پولیس نے اس کے قبضے سے مسروقہ دو لیپ ٹاپ ، موبائیل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔