حیدرآباد /25 مارچ ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی کے علاقہ صفدر نگر میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو زندہ جلادیا ۔ زائد جہیز کی مانگ کو پورا نہ کرنے پر اس ظالم شخص نے بے رحمانہ انداز میں یہ انتہائی اقدام کیا ۔ کوکٹ پلی پولیس ذرائع کے مطابق 22 سالہ نعیمہ بیگم جو اپنے شوہر کے ہاتھوں 22 مارچ کو زندہ جلا دی گئی تھی علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق نعیمہ بیگم صفدر نگر علاقہ کے ساکن محمد عارف کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی دو سال قبل ہوئی تھی اور نعیمہ عارف کی دوسری بیوی بتائی گئی ہے عارف گذشتہ چند دنوں سے اپنی بیوی کو جہیز کیلئے ہراساں کر رہا تھا جس نے 22 مارچ کے دن اپنی بیوی کو جلا دیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔