جہاں سے دہشت گردی کو کنٹرول کیا جاتا ہے وہیں کھیل کھیلا گیا

بالا کوٹ حملوں پر وزیر اعظم مودی کا ریمارک ۔ میں بھی چوکیدار مہم سے دہلی میں خطاب
نئی دہلی 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج کہا کہ انہوں نے پاکستان میں بالاکوٹ کے مقام پر حملوں کا فیصلہ اس لئے کیا تھا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ کھیل وہیں کھیلا جانا چاہئے جہاں سے دہشت گردی کو کنٹرول کیا جاتا ہے ۔ یہاں ’’ میں بھی چوکیدار ‘‘ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ پاکستان اس سلسلہ میں پس و پیش کا شکار ہے کیونکہ اگر وہ فضائی حملوں کا اعتراف کرتا ہے تو اسے یہ بھی قبول کرنا پڑتا کہ یہاں دہشت گرد کیمپ تھا ۔ مودی نے کہا کہ انہیں یہ سب چھپانا پڑ رہا ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ وہاں کوئی دہشت گرد کیمپس نہیں تھے ۔ اب انہیں اس کو چھپانے کی ضرورت ہے ۔ وہ دیڑھ ماہ گذرنے کے باوجود بھی وہاں کسی کو جانے نہیں دے رہے ہیں۔ ہم کو کچھ لوگوں نے بتایا کہ بالا کوٹ علاقہ میں پاکستان نے تعمیر جدید کردی ہے تاکہ یہ دکھایا جاسکے کہ ایک اسکول وہاں چلایا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو وہاں لیجایا جاسکے اور یہ ظاہر کیا جاسکے کہ وہاں کوئی دہشت گرد کیمپ نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ فضائی حملوں پر مودی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہ اپنے بیانات کے ذریعہ در اصل پاکستان کی مدد کر رہے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ وہ بالا کوٹ حملوں کا فیصلہ اسی لئے کرسکے کیونکہ انہیں ملک کیمسلح افواج میں مقین تھا ۔ انہوں نے مسلح افواج کو کھلی چھوٹ دیدی تھی کیونکہ انہیں فوج کے ڈسیپلن میں یقین تھا کہ وہ کوئی غلط کام نہیںکرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ملک گذشتہ 40 سال سے دہشت گردی سے متاثر ہو رہا تھا ۔ یہ گناہ کون کر رہا تھا ؟ ۔ اس کا ریموٹ کنٹرول کہا تھا یہ سب جانتے تھے ۔ دہشت گردوں کے آقا کہیں بیٹھے ہوئے ہیں یہ بھی سب جانتے ہیں ۔ وہ آتے ہیں ‘ ہلاک کرتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ ممبئی اور اوری حملوں کی مثال پیش کی اور کہا کہ دہشت گر د آئے ‘ ہلاک کیا اور چلے گئے ۔ اسی لئے فیصلہ ہوا کہ جہاں سے ان حملوں پر کنٹرول کیا جاتا ہے وہیںکھیل کھیلا جائیگا ۔ کھیل کا میدان ان کا ہی ہوگا ۔