محبوب نگر۔/19جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جہانگیر پیراں آئی ٹی آئی محبوب نگر سے ملحقہ سڑک اور ڈرین کے تعمیری کاموں کا افتتاح مسٹر رام کشن ڈی آر او کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقلیتی ادارہ جو گزشتہ 34برس سے مسلسل اپنی خدمات انجام دیتا آرہا ہے اور ہزاروں اقلیتی طلباء فنی تعلیم سے آراستہ ہوکر روزگار سے لگ گئے ہیں۔ انہوں نے سکریٹری و گورننگ باڈی ممبران سے خواہش کی کہ وہ اس ادارہ کو عصری نظام اور جدید ٹکنالوجی سے آراستہ کریں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے درکار تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج افتتاح کے موقع پر مسرت محسوس کررہے ہیں اور یہ کام 6.12 لاکھ کے صرفہ سے تکمیل پائے گا۔
انہوں نے ترقیاتی کاموں کیلئے کامیاب اور پراثر کوششوں پر سکریٹری آئی ٹی سی کی ستائش کی۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ بہترین تعلیمی مظاہرہ کے ذریعہ ادارہ کا نام اور اپنا مستقبل روشن کریں۔ سکریٹری آئی ٹی سی سید تقی الدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع کلکٹر گریجا شنکر کے ممنون ہیں جنہوں نے بحیثیت اسپیشل آفیسر بلدیہ میری درخواست پر تعمیری کاموں کو رقمی منظوری دی۔ انہوں نے سکریٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کمپیوٹر لیاب تعمیر کیا گیا اور 10کمپیوٹرس جمع کئے گئے۔ میٹنگ ہال، لائبریری روم کی تعمیر و تزئین کی گئی۔ آئی ٹی آئی کے روبرو سڑک چلنے کے لائق نہیں تھی جس کیلئے سڑک منظور کروائی گئی۔ انہوں نے نئے لیاب اور رومس کا ڈی آر او کو معائنہ کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی آئی کے ترقیاتی کام مسلسل جاری رہیں گے۔ انہوں نے آئی ٹی آئی کو ماڈل آئی ٹی آئی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محمد اکبر صدر مقصود بن احمد ذاکر سکریٹری وقف کامپلکس کمیٹی، نذیر علی، عبدالستار، مسعود احمد گورننگ باڈی ممبران، محمد رفیق میونسپل ڈپٹی ایکزیکیٹو انجینئر وغیرہ موجود تھے۔ محمد افضل پرنسپل نے شکریہ ادا کیا۔ آئی ٹی آئی کے اسٹاف و طلباء کے علاوہ معززین شہر بڑی تعداد میں موجود تھے۔