جھیل میں ڈرینج کے پانی سے آلودگی، پٹن چیرو کے عوام ڈینگو سے متاثر

حیدرآباد ۔ 13 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے کئی ایسے علاقے ہیں جنہیں فضائی اور آبی آلودگی کا سامنا ہے اور جس کی وجہ سے عوام کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک جانب نظام پیٹ کے عوام کو فضائی آلودگی کا سامنا ہے تو دوسری جانب پٹن چیرو کے عوام آبی آلودگی سے مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ پٹن چیرو کے عوام نے جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنر ہری چندانا داسیری سے شکایت کی ہے کہ پٹن چیرو کے سیمپھونی پارک ہوم اپارٹمنٹ کے عقب میں موجود جھیل میں ڈرینج کا پانی چھوڑا جارہا ہے اور ایک طویل عرصہ سے اس کی وجہ سے نہ صرف جھیل کا پانی آلودہ ہورہا ہے بلکہ اس آبی آلودگی سے اطراف و اکناف کے گھر والوں کو صحت کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ پولیویشن کنٹرول بورڈ (پی سی بی) کو بھی شکایت کرنے والے مقامی افراد نے میڈیا نمائندے سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک کیلو میٹر طویل ریلوے ٹریک کے ساتھ مربوط ڈرینج کی لائن کا پانی جھیل میں چھوڑ دیا جارہا ہے جس سے آبی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ مقامی باشندوں نے مزید کہا کہ اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے جی ایچ ایم سی اور پی سی بی عہدیداروں سے شکایت متعدد مرتبہ کی گئی ہے لیکن ہنوز کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہے کہ 1975ء میں اندرا گاندھی نے مذکورہ ریلوے ٹریک کا افتتاح کیا تھا اور اس ٹریک کے پیچھے ڈرینج کا پانی جمع ہوتا ہے لیکن وہاں کے لوگوں نے اس گندے پانی کو غیرمجاز راستہ زمین میں کھلواتے ہوئے جھیل میں چھوڑ دیا ہے۔ مقامی افراد کے بموجب رہائشی علاقے سے قریب کے فاصلے پر گندے پانی کی وجہ سے یہاں 3 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے جنہیں کمس ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب یہاں 2,000 ویلاس ہیں اور ڈرینج کے پانی سے ہونے والی آلودگی کی وجہ سے تمام ہی متاثر ہورہے ہیں۔