خودکشی یا حادثہ ، پولیس کیلئے معمہ
محبوب نگر۔ 8 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر ایک شخص کے آگ میں جھلس کر فوت ہوجانے کا واقعہ پیش آیا۔ واقعہ خودکشی کا ہے یا حادثہ، پولیس مختلف زاویوں سے اس کی تحقیقات کررہی ہے۔ ڈی ایس پی بھاسکر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ متوفی محمد اسمعیل جن کی عمر 55 برس ہے، جہانگیر پیراں آئی ٹی آئی میں بحیثیت اکاؤنٹنٹ برسرخدمت تھے اور مستقر کے اسلم خاں گلی کے ساکن تھے۔ ان کے کمرے کی کھڑکیوں کے شیشے آواز سے ٹوٹ گئے اور آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فائر عملہ کے ساتھ پہونچ گئی۔ آگ پر قابو پالیا گیا۔ محمد اسمعیل کی نعش کو باہر نکالا گیا جو مکمل جھلس گئی تھی۔ ون ٹاؤن پولیس کے سرکل انسپکٹر راما کرشنا کی قیادت میں پولیس نے جلے ہوئے کمرے کا معائنہ کیا جہاں کیروسین یا پٹرول کا اثر پایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور گہرائی سے تحقیقات میں مصروف ہے۔