حیدرآباد /18 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بیوی کو بچانے کی فکر میں شوہر اور مشتبہ طور پر خودسوزی کرنے والی بیوی دونوں فوت ہوگئے ۔ یہ واقعہ ٹپہ چبوترہ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 30 سالہ راجکمار اور 26 سالہ شوبھا دونوں فوت ہوگئے ۔ گنگا باؤلی علاقہ کے ساکنان شوبھا اور راج کمار میاں بیوی ہیں ۔ جن کا آبائی مقام بھالکی بیدر سے بتایا گیا ہے ۔ اپنے تین بچوں کے ساتھ وہ گنگا باؤلی میں رہتے تھے ۔ روز نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر بیوی سے جھگڑا کرنا راجکمار کا معمول بن گیا تھا ۔ کل رات تقریباً 12 بجے دونوں میاں بیوی آپس میں جھگڑ پڑے اور اس دوران ذرائع کے مطابق شوبھا نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے جسم پر کیروسن ڈال کر آگ لگالی ۔ بیوی کو جلتا ہوا دیکھ کر راجکمار اس کے بچاؤ کیلئے پہونچا ۔ اس واقعہ میں دونوں شدید زخمی ہوگئے ۔ دواخانے میں علاج کے دوران شوبھا نے بیان دیا کہ اس کو راجکمار نے جلایا ۔ تاہم شوبھا سے ایک گھنٹہ قبل راجکمار اور راجکمار کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد شوبھا فوت ہوگئی ۔ ٹپہ چبوترا پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔