جھلس جانے والے دو افراد کی موت

حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ گھٹکیسر اور نارسنگی میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں مشتبہ طور پر جھلس جانے کے سبب دو افراد کی موت ہوگئی ۔ گھٹکیسر پولیس کے مطابق 48 سالہ محمد معز جو پیشہ سے ڈرائیور تھا گھٹکیسر کا ساکن بتایا گیا ۔ یہ شخص 2 جنوری کے دن اپنی موٹر سائیکل میں پٹرول ڈال رہا تھا کہ پٹرول ٹینک میں پٹرول کی مقدار کو دیکھنے اس نے ماچس کی کاڑی جلائی اور اسی دوران مشتبہ طور پر جھلس کر فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 24 سالہ وینکٹیشور جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ نارسنگی میں رہتا تھا ۔ 6 جنوری کے دن وہ اپنے مکان میں پمپ کے برنر پر پکوان کر رہا تھا کہ مشتبہ طور پر جھلس کر شدید زخمی ہوگیا اور آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔

پھانسی کے ذریعہ دو افراد بشمول طالب علم کی خودکشی
حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) چھتری ناکہ پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو افراد بشمول ایک طالب علم نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 20 سالہ آر نکھیل جو طالب علم تھا لکشمی نگر چھتری ناکہ کے ساکن درشن کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ اس نے کل شام اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ تاہم اس کی خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ دوسرے واقعہ میں جو جنگم میٹ میں پیش آیا ۔ 32 سالہ وشواناتھ نے آج صبح اپنے مکان میں خودکشی کرلی ۔ وشواناتھ پیشہ سے بلدیہ کا جاروب کش تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ شخص گذشتہ کئی دنوں سے درد شکم سے پریشان تھا جس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔