جھلس جانے والی بیٹی فوت ، ماں زیر علاج

حیدرآباد /3 جولائی ( سیاست نیوز ) سنتوش نگر کے علاقہ میں ماں بیٹی حادثاتی طور پر جھلس گئیں تاہم اس حادثہ میں جھلس جانے والی بیٹی آج فوت ہوگئی اور ماں ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ پولیس سنتوش نگر کے مطابق 16 سالہ آفرین بیگم اور ان کی والدہ شاہین بیگم کل رات اپنے مکان میں پیش آئے حادثہ میں جھلس گئے تھے ۔ آفرین پکوان میں مصروف تھی کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور آگ نے آفرین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اپنی بیٹی کو جھلستا ہوا دیکھ کر والدہ شاہین نے بیچ بچاؤ کیا جس میں دونوں شدید جھلس گئی ۔ آفرین آج علاج کے دوران فوت ہوگئیں ۔ آفرین فتح شاہ نگر علاقہ کے ساکن سید مشتاق کی بیٹی تھی پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔