جھارکھنڈ کیلئے بی جے پی کا مشن 55

مدنی نگر (جھارکھنڈ)۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی مشن 55 کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد کم از کم 55 نشستیں آئندہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں حاصل کرنا ہے جو جاریہ سال کے اوآخر میں مقرر ہے۔ قومی نائب صدر بی جے پی رگھوور داس نے آج پارٹی کارکنوں سے ضلع پلاماؤ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس ریاست کو مخلوط سیاست سے نجات دلوانا ہے اور مشن 55 کی حکمت عملی کا تعین کرنا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ انتخابات کی تیاری کا ابھی سے آغاز کردیں۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ معدنیات کی دولت سے مالامال جھارکھنڈ میں 2000ء سے مستحکم حکومت نہیں بن سکی جبکہ یہ ریاست اسی سال قائم ہوئی تھی۔ اس کے نتیجہ میں یہ ریاست ترقی کے محاذ پر پسماندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو امیدواروں کی انتخاب سے پہلے مکمل جانچ کرنی چاہئے تاکہ 81 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ 8 ستمبر کو دورہ کریں گے اور پارٹی قائدین سے خطاب کریں گے۔