چائباسہ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج جھارکھنڈ کے رائے دہندوں سے کہا کہ بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں اکثریت دلوانے کو یقینی بناکر سیاسی استحکام پیدا کریں۔ نریندر مودی چائباسہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاست کو معدنیات اور قدرتی وسائل کی نعمت حاصل ہے، لیکن عوام سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے غریب ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے خواہش کی کہ وہ معلق انتخابی نتائج برآمد نہ کریں۔ عوام جانتے ہیں کہ مخلوط سیاست میں کتنی مشکلات ہوتی ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ پارٹی ریاست کے وسائل کوریاست کی ترقی کے لئے ہی استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’چائے والے‘‘ پر یقین رکھئے اور بی جے پی کو اکثریت دلوایئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں جیسے گجرات، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ نمایاں ترقی کرچکی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر قبائلی کسی پارٹی سے محبت کرتے ہیں تو وہ بی جے پی ہے، کیونکہ قبائیلی بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں خوشحال ہیں۔ انہوں نے 14 اسمبلی حلقوں کے رائے دہندوں سے جو کوٹھان ڈیویژن میں واقع ہیں، اپیل کی کہ تمام پارٹی امیدواروں کو جو جلسہ میں موجود ہیں، کامیابی دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بڑی باتیں نہیں کرتے ، لیکن (سابق مرکزی) حکومت نے عوام کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا۔ وہ غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لئے چھوٹے چھوٹے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خاندانی حکمرانی اور اقرباء پروری سے نجات حاصل کرنی چاہئے۔