آدتیہ پور۔ 24 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کانگریس پر جھارکھنڈ اور ملک میں کرپشن کو فروغ دینا کا الزام عائد کرتے ہوئے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ کانگریس ۔آر جے ڈی ۔ جے ڈی یو ناپاک اتحاد کو ووٹ دینے کے سلسلہ میں خبردار رہیں۔ وہ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدھو کوڈا حکومت کے دورہ میں چار ہزار کروڑ روپئے کے اسکام کا پتہ چلا۔ کانگریس کی تائید کے بغیر یہ ناممکن تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں کانگریس ۔آر جے ڈی ۔جے ڈی یو اتحاد میں ریاست کو لوٹ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف معدنی دولت سے مالا مال ریاست میں اقتدار پر قبضہ کرنا اور اس کی معدنیات لوٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایسے کسی بھی اتحاد کے بارے میں خبردار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ بھی جھارکھنڈ کے ساتھ ہی قائم کیا گیا تھالیکن یہ آج ملک کی خوشحال اور ترقی یافتہ ریاستوں میں شامل ہے جبکہ جھارکھنڈ ہنوز پسماندہ ہے۔ ریاست کی ناقص صورتحال کیلئے کرپشن ، سیاسی عدم استحکام اور کانگریس ذمہ دار ہیں۔ کانگریس نے صرف اپنے فائدہ کیلئے 14 سال میں کئی حکومتوں کو غیر مستحکم کیا ہے۔