رانچی۔ 7؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ جھارکھنڈ میں 9 دسمبر کو تیسرے مرحلہ کی رائے دہی سے پہلے انتخابی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی، صدر بی جے پی امیت شاہ، نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے رائے دہندوں کو رِجھانے کی کوشش کی، آج اختتام پذیر ہوئی۔ 17 انتخابی حلقوں میں سے 14 ماؤیسٹ زیر اثر علاقوں میں واقع ہیں۔ انتخابی مہم آج 3 بجے دن ختم ہوگئی۔ انتخابی مہم کا اختتام معمول کے مطابق کنکے، رانچی اور بتیا حلقوں میں 5 بجے شام ہوگا۔ تین ریاستی وزراء اناپورنا دیوی (آر جے ڈی)، راجندر پرساد سنگھ (برمو کانگریس) اور جئے پرکاش بھائی پٹیل (منڈو جے ایم ایم) انتخابی میدان میں ہیں۔ جملہ 289 امیدوار بشمول 8 موجودہ ارکان اسمبلی، 26 خواتین اور 103 آزاد امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔