چائباسا (جھارکھنڈ) ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ نے آج انتہائی پراعتماد لہجہ میں کہا کہ اب تک جہاں جہاں رائے دہی ہوچکی ہے وہاں سے 100 نشستوں کے منجملہ 50 نشستوں پر بی جے پی کامیابی حاصل کرے گی۔ یاد رہے کہ لوک سبھا انتخابات نو مراحل میں منعقد شدنی ہیں، جن میں سے تین مراحل کی تکمیل ہوچکی ہے۔ یہاں سے 52 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ماجھگاؤں میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے پراعتماد لہجہ میں کہا کہ پارٹی کو 100 نشستوں کے منجملہ 50 نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہوا کا رخ پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے حق میں ہے اور عوام نے بھی ذہن سازی کرلی ہے
کہ مودی کو بھی ملک کی قیادت کرنے کا ایک موقع فراہم کیا جائے۔ اخباری نمائندوں سے بعدازاں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار کانگریس کا موقف انتہائی کمزور ہے لہٰذا دہلی میں حکومت کی تشکیل کیلئے بی جے پی پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ نہ صرف ایسی ریاستیں جہاں بی جے پی برسراقتدار ہے بلکہ غیر بی جے پی ریاستوں جیسے اترپردیش میں بھی بی جے پی کا ہی پلڑا بھاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہلی میں بی جے پی حکومت کی تشکیل میں کامیاب ہوگئی تو وہ معدنیات کی دولت سے مالامال ریاست جھارکھنڈ کو بھی اسی طرز پر ترقی دیں گے جس طرح حکومت چھتیس گڑھ نے رمن سنگھ کی قیادت میں ترقی کی۔ اگر ضرورت پڑی تو جھارکھنڈ کو تیز رفتار ترقی کیلئے خصوصی پیاکیج بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج جھارکھنڈ میں ترقی کی رفتار سست اس لئے کیونکہ وہاں واضح اکثریت کا فقدان ہے۔ کوئی بھی پارٹی اگر واضح اکثریت حاصل کرے تو وہ اپنی ترقیاتی اسکیمات کو بغیر کسی رکاوٹ یا مخالفت کے لاگو کرسکتی ہے۔