جگن ناتھ پور پراجکٹ کے تمام گیٹس کی تعمیر ڈسمبر تک مکمل

کاغذنگر /28 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کی ہدایات کے مطابق مسٹر کاویٹی سمیا سابقہ رکن اسمبلی سرپور نے کاغذنگر سے چار کیلومیٹر دور زیر تعمیر جگن ناتھ پور پراجکٹ کی تعمیر کا معائنہ کیا ۔ واضح رہے کہ دس سال قبل سابقہ چیف منسٹر آ۔جہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے مذکورہ پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ بعد ازاں فنڈس کی عدم اجرائی کے سبب پراجکٹ کی تعمیر کا کام ادھورہ ہی رہا ۔ مسٹ رکاویٹی سمیا نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی منسٹر ٹی ہریش راؤ کے علم میں یہ بات لائی تو انہوں نے کہا کہ وہ پراجکٹ کی تعمیر جنگی خطوط کی بنیاد پر مکمل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ جب کاکتیہ مشن ا سکیم کے تحت تالابوں کی مرمت کرکے کسانوں کو کھیتوں کو سیراب کیا جارہا ہے تو جگن ناتھ پور پراجکٹ کے ذریعہ کسانوں کو پانی کا انتظام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ مسٹر کاویٹی سمیا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جگن ناتھ پور پراجکٹ کے 19 گیسٹ ( دروازے ) ہیں جن میں صرف سات گیٹس کی ہی تعمیر ممکن ہوسکی ۔ حکومت نے نمائندگی کرنے پر ڈسمبر 2015 تک تمام گیٹس کی تعمیر مکمل کرلینے کا تیقن دیا گیا اور جون 2016 تک اس پراجکٹ کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی اور پیداواگو ندی کا پانی اس پراجکٹ کے ذریعہ کسانوںکو سربارہ کیا جائے گا ۔ کاغذنگر منڈل اور دہے گاؤں منڈل کے کسان اس پراجکٹسے استفادہ کریں گے ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے قائدین مسٹر بھاسکر ریڈی ، مسٹر سری سیلم ، مسٹر کے ستیا نارائنا ، مسٹر یو سریش ، مسٹر جی سرینواس ، مسٹر سریش گوڑ اور مسٹر انجینیلو موجود تھے ۔