جگجیون رام کا مجسمہ نصب کرنے کی عدم اجازت

تانڈور میں بھوک ہڑتال کرنے دلت قائدین کی دھمکی
تانڈور /28 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دلت سینا تانڈور کے ضلعی صدر سی سی آئی راملو نے اپنے دلت ارکان کے ساتھ دفتر بلدیہ پر مظاہرہ اور مطالبہ کیا، تاکہ ریلوے اسٹیشن چوراہا پر دلت قائد آنجہانی بابو جگجیون رام کا مجسمہ نصب کرنے کی اجازت دی جائے، تاہم حکام نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ دلت قائدین نے بھوک ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ بی جے پی، کانگریس اور ٹی ڈی پی ارکان بلدیہ پر مشتمل ایک وفد نے ایک دستخطی محضر شری گوپی کمشنر بلدیہ تانڈور کے سپرد کی اور مجسمہ کی تنصیب کی اجازت کا مطالبہ کیا۔ دستخط کرنے والے ارکان بلدیہ میں مسرز ونود کمار جین، سمپت، روی اور دیگر شامل ہیں۔ دریں اثناء اسٹیشن بازار کے رہنے والوں نے اس منصوبہ کی مخالفت کی اور کہا کہ آنجہانی قائد کا مجسمہ کسی اور جگہ نصب کیا جائے، اس کے لئے وہ ہر قسم کے تعاون پر آمادہ ہیں۔ اسٹیشن چوراہا پر مجسمہ کی تنصیب سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوں گے۔ سابق میں جناب عبد الہادی نے حکام پر دباؤ ڈالا اور ان کے سخت اعتراض کے بعد دلت قائدین کا منصوبہ لیت و لعل میں پڑ گیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہم دلت قائد کا بیحد احترام کرتے ہیں اور انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔