جگتیال۔10اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریجنل ڈائرکٹر ورنگل شریمتی بی ایس چندریکا نے آج جگتیال کا دورہ کرتے ہوئے شہر کا جائزہ لیا اور شہر کے اہم مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے ٹاؤن پلاننگ عیدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بس اسٹانڈ سرکل کے قریب واقع کرشنا پٹرول پمپ کے جنریٹر کو ہٹادینے کی حکام کو ہدایت دی ۔ اسی طرح انہوں نے سڑکوں پر غیر مجاز تعمیرات اور شہری علاقوں میں گرام پنچایت کی اجازت سے تعمیر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ان کے خلاف رپورٹ تیار کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر شہر کی اہم شاہراہ یاور روڈ کی توسیع کے سلسلہ میں ریجنل ڈائرکٹر اور اسٹیٹ ڈائرکٹر کونڈارام ریڈی نے رکن اسمبلی کی رہائش گاہ پہنچ کر چیرپرسن ٹی وجیہ لکشمی اور رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی سے تبالہ خیال کیا ‘ 80فٹ روڈ چوڑی کرنے کیلئے تجویز رکھی لیکن رکن اسمبلی نے پہلے 60فٹ کرتے ہوئے سیڈبیاک کو پورا کرنے کی بات کہی کیونکہ یاور روڈ پر واقع 15افراد ماسٹر پلان کے خلاف کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں ۔ بلدیہ ٹاؤن پلاننگ عہدیداران کی نااہلی اور کورٹ کو حاضر نہ ہونے کی وجہ سے فیصلہ ان افراد کے حق میں ہوا ۔ شہر جگتیال میں ٹاؤن پلاننگ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں بغیر سیڈ بیاک غیر مجاز تعمیرات جاری ہے ۔ شکایتوں کے باوجود کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ‘ ریجنل ڈائرکٹر نے فوری غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے اور رپورٹ تیار کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر انچارج کمشنر بلدیہ وینکٹیشورلو ‘ ٹاؤن پلاننگ آفیسر ہنمانڈلو مدھو سدن اور وائس چیرمین سراج الدین منصور اور دیویندر ریڈی اور دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے ٹی پی ڈی او سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے جگتیال میں ٹی پی او کا عہدہ کئی سالوں سے مخلوعہ ہے ‘ ٹی پی او کا تقرر کرنے کا مطالبہ کیا ۔