جگتیال کے دو سیل پوائنٹ میں سرقہ کی واردات

۔60 لاکھ مالیتی سیل فونس اور نقد رقم لیکر سارق فرار، پولیس مصروف تحقیقات
جگتیال ۔ 9 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ضلع مستقر شہر ویکلی بازار اہم شاہراہ پر واقع دو سیل پوائنٹ بھوانی موبائیل شاپ اور لاٹ موبائیل شوروم میں منگل رات 2:30 بجے کے وقت نامعلوم سارقوں نے بولیرو گاڑی میں پہنچ کر شاپس کے شٹرس کو لوہے کی راڈ کی مدد سے اٹھا کر اندر داخل ہوکر تقریباً 60 لاکھ روپیوں کے قریب مالیتی نئے سیل فونس اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم لیکر فرار ہوگئے ہیں۔ موبائیل شاپس میں لگے سی سی کیمروں میں چار سارق اپنے چہروں پر نقاب لگاکر داخل ہوکر دوکان سے سیل فون کا سرقہ کرنے میں کامیابی کے سی سی فوٹیج اور ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے۔ صبح اطلاع ملنے پر ضلع ایس پی سندھو شرما اور ایڈیشنل ایس پی مرلیدھر، ڈی ایس پی وینکٹ رمنا اور سرکل انسپکٹر پرکاش نے موقع واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا اور سی سی کیمروں میں قید ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ضلع ایس پی نے کہا کہ سرقہ میں کتنا مالیتی نقصان ہوا ہے اور اس کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے سارقوں کو گرفتار کرنے کیلئے اقدامات کا تیقن دیا۔ شہر کی اہم شاہراہ پر اس طرح کے سرقہ کی واردات مقامی پولیس کیلئے سوالیہ نشان ہے؟ رات 2:30 بجے ویکلی بازار جو مصروف ترین علاقہ ہے اور جبکہ پولیس کی جانب سے نائٹ پٹرولنگ اور بلوکورٹ ٹیم کی گشت بھی جاری ہے ایسے میں اس طرح کے واقعات سے عوام میں بھی خوف کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔