جگتیال میں خاتون کی مبینہ خودکشی

جگتیال۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میاں بیوی کے درمیان معمولی سی بات پر تکرار کے بعد بیوی نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ مقامی پولیس کے بموجب سمینہ پروین بنت محمد ابرار ساکن منچریال کی شادی چار سال قبل جگتیال کے محمد متین عباسی ولد محمد یعقوب موظف مدرس سے انجام پائی تھی۔ جنہیں دو لڑکیاں ہیں۔سمینہ پروین چار ماہ کی حاملہ تھی، پیر کی رات میاں بیوی کے درمیان معمولی سی بات پر بحث و تکرار ہوئی جس پر شوہر باہر نکل گئے۔ رات 12بجے جب وہ مکان پہنچ کر کمرے میں داخل ہوئے تو سمینہ پروین دوپٹہ کی مدد سے ناٹ کے ذریعہ پھانسی لیکر لٹک رہی تھی۔ فوری عباسی نے دوپٹہ کاٹ کر سمینہ کو پلنگ پر لٹادیا اور اپنے دوست احباب کے علاوہ مقامی پولیس اور سمینہ کے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔ سرکل انسپکٹر نریش کمار نے مقام واردات پر پہنچ کر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے عباسی کو حراست میں لے لیا اور صبح لڑکی کے والد ابرار کی شکایت پر ڈی ایس پی پرمیشور ریڈی اور سرکل انسپکٹر نریش کمار سب انسپکٹر، پریم راج تحصیلدار پرامود نے مکان پہنچ کر پنچنامہ کیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم ایریا ہاسپٹل منتقل کیا۔ ڈاکٹرس نے بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا۔

خاتون کا اقدام خودکشی
یلاریڈی۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل یلاریڈی مستقر پر بیاٹری کالونی میں ناگامنی شادی شدہ خاتون نے اقدام خودکشی کیا۔ سب انسپکٹر راج شیکھر کے مطابق ناگامنی کا شوہر راجا لنگم، ساس سایووا کچھ دنوں سے مزید جہیز کیلئے ہراساں کررہے تھے۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر ناگامنی نے اقدام خودکشی کرلی۔ زہریلی دوا پینے پر مقامی افراد نے اسے فوری دواخانہ منتقل کرنے پر وہ خطرہ کے باہر رہی۔ تحصیلدار ناگا جیوتی نے دواخانہ پہنچ کر اقدام خودکشی کی وجوہات قلمبند کی۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر شوہر اور ساس کے خلاف پولیس نے کیس درج کرلیا۔