جگتیال۔ 19 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر جگتیال کے محلہ اسلام پورہ میں سرقہ کی واردات اور ایک مکان کے بیڈروم میں آگ لگنے کی وجہ سے قیمتی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔ تفصیلات کے بموجب محلہ اسلام پورہ کے تین مکانات میں گزشتہ رات قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی وارداتیں پیش آئیں۔ شیخ احمد الدین ولد شیخ معین گزشتہ چار یوم کی چھٹیاں منانے اپنے افراد خاندان کے ساتھ مکان کو قفل ڈال کر بنگلور گئے ہوئے ہیں جس کے مکان کے قفل کو توڑ کر 11 تولے وزنی چاندی کی چین اور قریب میں واقع مجاہد کے مکان میں 10 تولے وزنی چاندی اور 5 ہزار روپئے نقد رقم سرقہ کرلئے جبکہ ایک ترکاری فروش محبوب بھائی کے مکان میں الماری توڑنے کی کوشش پر بازو کے کمرہ سے محبوب بھائی کی آواز پر سارق فرار ہونے کی اطلاع ہے۔ شیخ احمد الدین کے بیڈروم سے صبح کے اوقات میں دھواں اٹھتا ہوا دیکھ کر مقامی افراد نے فوری فائر انجن طلب کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور مقامی پولیس کو اطلاع دینے پر سب انسپکٹر عارف خان مقام واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ شیخ احمد الدین کے بیڈروم میں آگ کی وجہ سے دو الماریاں جل کر خاکستر ہوگئی اور بیڈ کے علاوہ قیمتی اشیاء، لیاپ ٹیاپ، پاسپورٹس اور بینک اکاؤنٹس بکس اور قیمتی کپڑے جل گئے۔ شیخ احمد الدین کے مکان میں کن کن چیزوں کا سرقہ ہوا، اس کا صحیح اندازہ ان کے پہونچنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ پولیس کا خیال ہے کہ مکان میں شیخ احمد برقی سربراہی بند رکھنے سے سارق دِیا لگاکر الماری سے زیورات وغیرہ لے کر دِیا کو اسی طرح چھوڑ کر چلے جانے سے آگ کپڑوںکو لگ گئی۔ جن مکانات میں سرقہ کی وارداتیں پیش آئیں، ان کے مکینوں کی شکایت پر مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے پولیس تحقیقات میں مصروف ہے۔