جگتیال۔/26اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانوں کیلئے سب پلان کا قیام ضروری ہے۔ ریاستی بجٹ میں مسلمانوں کیلئے 10فیصد بجٹ مختص کیا جائے تب ہی مسلمانوں کی فلاح و بہبود ممکن ہوگی۔ حلقہ جگتیال میں مسلمانوں کے پیچیدہ و حساس مسائل کی یکسوئی میرے دورایم ایل اے میں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار سابق ریاستی وزیر و کانگریس امیدوار ٹی جیون ریڈی نے گذشتہ رات محلہ جھنڈا جگتیال میں انتخابی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی کانگریس تشہیر کمیٹی کنوینر صمد نواب، سپریم جاوید ڈسٹرکٹ کانگریس پارٹی نائب صدر، سابق وائس چیرمین بلدیہ خواجہ خلیل الدین، سابق چیرمین بلدیہ گری ناگہ بھوشنم، مصطفی کمال، محمد نعیم الدین سابق کونسلر اور ویلفیر پارٹی کے امیدوار سید ذاکر علی اور آزاد امیدوار محمد جمال الدین، سراج الدین منصور، محمد مجیب الدین اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر جیون ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تیس سالہ دور سیاست میں حلقہ جگتیال سے صرف تین امیدوار ہی منتخب ہوئے ہیں جس یں کون سیکولر اور عوامی خدمت گذار ہے آپ حضرات ہی بخوبی جانتے ہیں۔ شہر جگتیال میں ہندو مسلم یکجہتی کو بنائے رکھنا اور ہر طبقہ کی ترقی کیلئے مساوی اقدامات کرنا میں اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ شہر جگتیال میں عیدگاہ کا مسئلہ اور قاضی پورہ اردو میڈیم اسکول اور دیگر مسائل کی یکسوئی کارنامہ جیون ریڈی کا ہے۔اس موقع پر انہوں نے ان کی تائید میں دستبردار ہونے والے آزاد امیدوار محمد جمال الدین اور سید ذاکر علی کا خیرمقدم کیا اور ان کے اقدام کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی تقسیم سے فرقہ پرست جماعتوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس موقع پر جلسہ کی کارروائی محمد اظہر الدین نے چلائی۔