جڑچرلہ میں اُردو ، تلگو یادگار مشاعرہ کا انعقاد

جڑچرلہ۔ 8 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جڑچرلہ بادے پلی تحصیلدار آفس کے احاطہ میں 2 تا 7 جون تک جشن یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر جشن تلنگانہ کے ضمن میں ایک اردو، تلگو کوی سمیلن و مشاعرہ کا شاندار پیمانے پر اہتمام کیا گیا تھا۔ مشاعرہ میں جڑچرلہ کے مقامی اردو تلگو شعراء کرام نے حصہ لیا۔ مسٹر جگدیشور ریڈی ایم آر او جڑچرلہ نے مشاعرہ کی صدارت کی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد سلطان چشتی مرزائی صدر بزم ارباب سخن جڑچرلہ جناب تقی احمد تقی، محمد علی دانش صدر ادارہ ادب اسلامی جڑچرلہ، مسٹر وجے کمار ٹی آر ایس، حاجی محمد یوسف جنرل سیکریٹری ریاستی تلنگانہ، مسٹر رام موہن بی جے پی قائد مسٹر روی شنکر سابق ایم پی ٹی سی ممبر مسٹر عرفان شاہد نے شرکت کی۔ جڑچرلہ کے نوجوان شاعر جناب جعفر کاظمی کے کلام سے مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ جناب ستار عاشق نے بھی تلنگانہ عنوان پر نظم سناکر کافی داد حاصل کی۔ جڑچرلہ کے تلگو نوجوان شاعر جناب خلیل پاشاہ نے تلنگانہ پر عمدہ گیت پیش کیا۔ ان کے علاوہ زاہد شوق ممتاز حسین نقشبندی، خواجہ سلطان پاشاہ، رمز خواجہ معین الدین خویشتر، ضیاء سلطانی حبیب الدین، حبیب باسط مظہری، جلیل رضا محبت علی منان، تقی احمد تقی، سلطان چشتی نے تلنگانہ کے موضوع پر کلام پیش کرکے محفل کو رنگارنگ کردیا۔ جڑچرلہ تلگو شعراء کرام میں یادگری کرشنیا کمار شکھر راؤ، مہیشور رادھے کرشنیا، گوڈے راؤ نے تلگو زبان میں اپنا کلام پیش کیا۔ مسٹر جیت کمار ٹی آر ایس قائد کی جانب سے شعراء کرام کو شال و گلپوشی کی گئی۔ اُردو شاعر جناب خواجہ معین خوشتر نے انعام اول حاصل کیا۔ جناب سلطان رمز نے انعام دوم حاصل کیا۔ مشاعرہ گاہ سامعین سے تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ سامعین و قائدین نے اُردو ۔تلگو کے ملے جلے مشاعرہ کو کافی پسند کیا۔