جڈیجہ نے پوری کی ونڈے میچوں کی سنچری

میر پور ڈھاکہ 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ٹیم کے ہر فن مولا کھلاڑی رویندر جڈیجہ نے ونڈے میچوں کی سنچری پوری کرلی ہے۔ جڈیجہ اتوار کو پاکستان کے خلاف اپنے کیرئر کے 100 ویں میچ کیلئے میدان میں اترے۔ جڈیجہ اب تک 99میچوں میں 32.36 کے اوسط سے جملہ 1489 رنز بنا چکے ہیں اس میں 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کے نام 34 کیچ بھی درج ہے۔ علاوہ ازیں وہ 32.92کے اوسط سے اب تک جملہ 116 وکٹ بھی لے چکے ہیں۔ جڈیجہ ہندوستان کیلئے 100 یا اس سے زیادہ ونڈے میچ کھیلنے والے 32 ویں کھلاڑی ہیں ۔ ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ 463 ونڈے میچ سچن تنڈولکر نے کھیلے ہیں۔ ڈراویڈ (340)، محمد اظہر الدین(334)اور سورو گنگولی (308)کا نام ہے۔موجودہ کھلاڑیوں میں یوراج سنگھ نے سب سے زیادہ 290 میچ کھیلے ہیں۔ اسکے بعد سہواگ (241)،مہیندر سنگھ دھونی (240)،ہربھجن سنگھ (227)،ظہیر خان (194) اور سریش رائنا (189)کا نام شامل ہے۔

ڈیوٹی فری چیمپئن میں فیڈرر کامیاب
دبئی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )سوئٹز لینڈ کے ٹینس اسٹار روجر فیڈرر نے تھامس بیرڈک کو شکست دیکر دبئی ڈیوٹی فری چیمپئن شپ کا خطاب حاصل کرلیا۔ فیڈرر نے چھٹویں مرتبہ یہ خطاب جیتا ہے ۔ اے ٹی پی ٹور ویب سائیٹ کے مطابق 32 سالہ فیڈرر نے خطابی مقابلے میں بیرڈک کو 3-6, 6-4, 6-3سے شکست دی۔ یہ فیڈرر کی 78 ویں خطابی کامیابی ہے۔ اس جیت کے ساتھ فیڈرر سب سے زیادہ خطاب جیتنے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔انہوں نے امریکہ کے جان مائیکرو کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فیڈرر نے 2012 کے بعد پہلا ہارڈ کورٹ خطاب جیتا ہے۔