جٹ ایرویز میں ہوائی سفر عملہ کے تقررات 14 ستمبر کو انٹرویوز حیدرآباد میں ہوں گے

حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) جیٹ ایرویز کی جانب سے ہوائی سفر کے عملہ کے تقررات کے سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جیٹ ایرویز نے حیدرآباد میں 14 ستمبر کو صبح 10 بجے تا 2 بجے دن انٹرویو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 18 تا 27 سال عمر کے لڑکے اور لڑکیاں جن کی تعلیمی قابلیت انٹر پاس ہو، وہ درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست گذاروں کو ہندی اور انگریزی میں مہارت حاصل ہونی چاہئے۔ علاوہ ازیں اُن میں رابطہ کی صلاحیت موجود ہونی چاہئے۔ ہوٹل طبلہ پرائیڈ نزد کیر ہاسپٹل روڈ نمبر 1 بنجارہ ہلز حیدرآباد میں 14 ستمبر کو دن میں 10 بجے تا 2 بجے دوپہر منعقد ہونے والے ان انٹرویوز کیلئے درخواست گذاروں کو لازمی ہے کہ وہ اپنے بائیو ڈاٹا کے ساتھ ہندوستانی پاسپورٹ معہ ایک عدد پاسپورٹ سائز فوٹو اور ایک عدد مکمل فوٹو لائیں۔ مزید تفصیلات کے لئے جیٹ ایرویز کی ویب سائیٹ jetairways.com/careers کے علاوہ facebook.com/jetairways پر لاگ آن کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں تجربہ کار کیبن کریو عملہ جو انٹرویو میں شریک نہیں ہوسکتا وہ راست jetairways.com/careers پر دی گئی تفصیلات سے استفادہ کرتے ہوئے درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ جیٹ ایر ویز جوکہ فی الحال 22 بین الاقوامی شہروں تک چلائی جانے والی ایرویز ہے۔ علاوہ ازیں جیٹ ایرویز کی رسائی ہندوستان کے 51 شہروں تک ہے۔ جیٹ ایرویز و اتحاد ایرویز کی شراکت داری سے چلائی جانے والی اِس ایرلائنز میں موجود مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے نوجوان اپنے مستقبل کو تابناک بناسکتے ہیں۔