ہمیں کبھی بھی اپنی جلد کے بارے میں غافل نہیں ہونا چاہئے۔ اگر جِلد نارمل ہوگی تو اس پر میک اَپ اچھا ہوگا۔ جِلد کی خوش نمائی حُسن کی لازمی شرط تصور کی جاتی ہے۔ جلد نرم اور صاف ستھری ہو تو کافی عرصے تک جھریاں نہیں پڑتیں۔ نارمل جلد والی خواتین یہ سوچتی ہیں کہ بغیر حفاظت اور احتیاط کے ان کی جِلد نارمل رہے۔ یہ سراسر غلط ہے۔
صاف ستھری جِلد: صاف ستھری جلد رکھنے کیلئے آپ کو مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھنا پڑے گا۔آپ خوب گہری نیند سوئیں، جلد کی صفائی کرتی رہیں۔ پرانے میک اَپ پر نیا میک اَپ بالکل نہ کریں، خوراک اچھی قسم کی استعمال کریں، آپ اپنے جسم کا وزن بھی کرواتی رہیں، میک اَپ والا چہرہ کبھی کسی صابن سے نہ دھوئیں بلکہ کسی اچھی کلینزنگ کِریم یا پھر کلیننگ لوشن سے صاف کریں ۔بدلتے ہوئے موسمی اثرات اور عمر کے ساتھ ساتھ جلد بھی متاثر ہوتی ہے، باہر نکلنے والی خواتین خاص طور پر جِلد کی کلیزنگ کریں۔
حفاظت : خواتین کو چاہیئے کہ وہ ایسا صابن استعمال کریں جس میں چکنائی اور غذائیت شامل ہوں۔ دن میں موئسچرائزر کا مستقل استعمال رکھیں۔ خاص طور پر دن میں باہر نکلنے کے وقت کوئی اچھی سی کِریم یا پروٹین کِریم سے ہلکا مساج کرلیں، سردی کے موسم میں ایسی جِلد سخت ہوجاتی ہے لہذا کِریم کو گیلے چہرے پر لگانا چاہیئے۔ رات کو کسی ہلکے قسم کے صابن سے منہ دھوئیں، ڈیپ کلینزنگ کِریم سے چہرہ صاف کریں، چہرے اور گردن پر اچھی طرح اِسکن فوڈ لگائیں اور تقریباً بیس منٹ تک رہنے دیں۔ پھر ٹشو پیپر سے چہرہ صاف کرلیں۔ خشک جلد والی خواتین کو اُبٹن سے چہرہ دھونا بھی فائدہ مند ہے۔ اس چہرے کی اگر مالش ہوتی رہے تو یہ بھی ٹھیک ہے۔ خشک جِلد پر اگر زیتون کی مالش کی جائے تو بہتر ہے اس سے چہرے کو رونق بھی ملے گی۔ اسی طرح اس جِلد کا ایک اور ماسک بھی ہے کہ آپ ملتانی مٹی میں ہلدی ملاکر دو قطرے زیتون کا تیل، چند قطرے اِسکن ٹانک ملا کر تقریباً پندرہ سے بیس منٹ تک چہرے پر لگائیں، اس ماسک سے بھی جِلد اچھی ہوتی ہے۔