جویلرس شاپ مالک کے مکان میں سرقہ کا معمہ حل

گھریلو ملازم کے بشمول 4 افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے جویلری شاپ مالک کے مکان میں پیش آئے سرقہ کی سنگین واردات کے معمہ کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس میں ملوث 4 افراد بشمول گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ /2 جولائی کو نوین نگر کے ساکن جیتیندر کمار گپتا نے پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے افراد خاندان کے ہمراہ رشتہ داروں کے مکان میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے اور واپس لوٹنے پر ان کے مکان میں موجود 1.14 کیلو طلائی زیورات اور نقد رقم جملہ 68 لاکھ کا سرقہ ہوگیا ہے ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس سلسلے میں فی الفور کارروائی کرتے ہوئے شبہ کی بنیاد پر بہار سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار مکھیا کبارڈ اور اس کے 3 ساتھیوں ہرے رام سہانے ، اوپیندر مکھیا اور راجیندر مکھیا کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی مسٹر وینکٹیشور راؤ نے مزید بتایا کہ اومیش کمار نے جیتیندر کمار کے مکان میں بحیثیت باورچی ملازمت حاصل کی اور اس نے اپنے مالک کا اعتماد حاصل کرلیا تھا ۔ مکان میں موجود لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات چاندی اور نقد رقم موجود ہونے کی اطلاع پر اومیش کمار نے اپنے آبائی مقام سے تعلق رکھنے والے دیگر ساتھیوں کی مدد سے مالک مکان کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نقد رقم ، طلائی زیورات قیمتی اشیاء کا سرقہ کرلیا ۔ پولیس نے بہار کو فرار ہونے والے ملزمین کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ گوہاٹی ایکسپریس میں فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزمین کے قبضے سے 65 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔