لاہور ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جویریہ خان کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا کپتان بنادیا گیا۔ جویریہ خان دورہ بنگلادیش اور آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ یاد رہے بنگلادیش کے خلاف یکم اکتوبر سے ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شروع ہوگی۔ جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز 11 اکتوبر سے ملائشیا میں کھیلی جائے گی۔ اس سے قبل بسمہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان تھیں۔
اسٹوکس اور ہیلز پر فرد جرم عائد
لندن ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی تادیبی کمیٹی نے آل رائونڈر بین اسٹوکس اور بیٹسمین ایلکس ہیلز پر باقاعدہ فرد جرم عائد کردی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں پر کھیل اور اسپرٹ آف دی گیم کو بدنام کرنے کے چارجز عائد کئے گئے ہیں۔3 رکنی سی ڈی اے کمیٹی 5 اور 7 دسمبر کو سماعت کرے گی۔ دونوں کرکٹرز پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی شق نمبر 3.3 کے تحت 2 الزامات لگائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں کرکٹرز گزشتہ سال برسٹل میں کلب جھگڑے میں ملوث تھے اور اس سلسلہ میں اس سال عدالتی سنوائی بھی ہوئی جس میں ایلکس ہیلز پر فرد جرم نہیں لگی تاہم بین اسٹوکس عدالتی ٹرائل کے بعد بے گناہ قرار دیئے گئے تھے۔ اسٹوکس اور ہیلز انگلینڈ کے دورہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے لئے دستیاب ہونگے۔یاد رہے کہ اس تنازعہ کی وجہ سے اسٹوکس ہندوستان کے خلاف چند مقابلے نہیں کھیل پائے تھے۔