جوکویچ کی یو ایس اوپن سیمی فائنل میں رسائی، سونگا دستبردار

نڈال کو شکست دینے والے لوکاس کو ہراکر مونفلز بھی سیمی فائنل میں داخل ۔ ثانیہ جوڑی ڈبلز کوارٹر فائنل میں ناکام
نیویارک ، 7 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک نواک جوکویچ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور اُن کی پارٹنر بربورا استریکوا شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ یہاں سال کے آخری گرانڈ سلام اوپن ٹورنمنٹ میں جو۔ ولفریڈ سونگا زخمی ہونے کے سبب میچ سے دستبردار ہو گئے جس کی بدولت جوکویچ سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئے۔ عالمی نمبر 1 کھلاڑی نے اپنی سبقت برقرار رکھتے ہوئے پہلا سٹ 6-3 سے جیتا جبکہ دوسرے سٹ میں بھی انہیں 5-2 کی برتری حاصل تھی جب سونگا کو ٹخنے میں درد کے سبب طبی امداد کی ضرورت محسوس ہوئی۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو جوکویچ نے باآسانی سٹ 6-2 سے جیت لیا لیکن اس کے بعد سونگا میچ جاری نہ رکھ سکے اور مقابلے سے دستبردار ہو گئے جس کی بدولت جوکویچ سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ سیمی فائنل میں جوکویچ کا مقابلہ فرانس کے ہی گائل مونفلز سے ہو گا جنہوں نے دیگر کوارٹر فائنل میں ہم وطن لوکاس پاؤلے کے خلاف فتح کی بدولت آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔ مونفلز نے رفائل نڈال کو شکست دینے والے پاؤلے کو سیدھے سٹوں میں 6-4، 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ ادھر خواتین کے ڈبلز سیکشن میں ثانیہ مرزا اور اُن کی پارٹنر استریکوا کوارٹر فائنل میں شکست کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے میچ کا عمدہ آغاز کرتے ہوئے 5-2 کی برتری حاصل کی لیکن حیران کن طور پر ٹائی بریکر پر یہ سٹ گنوادیا۔ دوسرے سٹ میں ٹاپ سیڈ کیرولین گارشیا اور کرسٹینا ملاڈینووک نے عمدہ کھیل سے اپنی برتری ثابت کی اور مقابلہ 6-7 ، 6-1 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔