بنگلور ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر 1 نوواک جوکویچ نے ہندوستان کے خلاف ڈیوس کپ میچ سے تھکن اور فیملی کی مصروفیات کے سبب دستبرداری اختیار کرلی ہے، سربیائی کپتان بوگدان اوبرادویچ نے آج یہ اطلاع دی۔ انھوں نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ ’’میں نے جوکویچ سے کل رات بات کی اور انھوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کو نہیں آرہے ہیں‘‘۔ تھکن کے علاوہ جوکویچ نے کچھ وقت شریک حیات یلینا کے ساتھ گزارنے کی خواہش بھی کی تھی، جو اپنے پہلے بچہ کیلئے امید سے ہیں۔ 27 سالہ جوکویچ جنھیں یو ایس اوپن سیمی فائنلس میں 10 ویں سیڈ کئی نشیکوری نے شکست دی، اُن کی جگہ ڈیوس کپ گروپ پلے آف میچ میں شاید ایلیا بوزولیاک کھیلیں گے۔